پشاور(سٹی رپورٹر) صوبہ بھر کے بلدیاتی ملازمین نے بنوں ‘ کرک اور ہنگو کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی نہ کرنے پر صوبائی اسمبلی کے باہر احتجاج کی دھمکی دیدی ۔ لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن کے صوبائی صدرریاض خان، یو نائٹیڈ یو نین پشاور کے چیئر مین ملک محمد نوید اعوان ‘ وائس چیئر مین بلال احمد، صدر مشتاق مسیح، جنرل سیکرٹری حاجی روشن خان اور دیگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنوں ‘ کرک اور ہنگو کے ملازمین کو گزشتہ چار ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی جس کے باعث ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں جبکہ ان کے بچوں کو سکول فیس ادا نہ کرنے کے باعث سکولوں سے خارج کر دیا گیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ اس تمام صورتحال سے با خبر صوبائی حکومت اور ناظمین نے بھی آنکھیں بند کرلی ہیں اور خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر فوری طور پر انکا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو بہ بھر کے ملازمین صوبائی اسمبلی کے باہر احتجاجی دھرنا دینگے جس کی ذمہ داری متعلقہ حکام اور صوبائی حکومت پر عائد ہوگی ۔