نئی دہلی (جنگ نیوز) جنوبی ایشیائی گیمز میں شرکت کے لیے بھارت کے گولڈ میڈلسٹ اسکواش کھلاڑی روی ڈکشٹ نے گردہ بیچنے کا اعلان کرکے تہلکہ مچادیا۔ ان کی مہم کے بعد بھارتی اسکواش حکام متحرک ہوگئے جس کے بعد روی نے اپنا ارادہ ترک کردیا۔ بھارتی میڈیاکے مطابق 2010 کے جونئیر ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے روی ڈکشٹ نےجنوبی ایشیائی گیمز میں حصہ لینے کےلئےمالی مشکلات کا شکار ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے سوشل ویب سائٹ پر گردہ بیچنےکی مہم چلائی بعدازں اپنا ارادہ ترک کردیا۔ اس ضمن میں23 سالہ ڈکشٹ کا کہنا ہے کہ میں نے جذبات میں آکر سوشل ویب سائٹ پر گردہ بیچنےکی مہم چلائی تھی ۔ مجھے قطعی علم نہیں تھا کہ میری یہ مہم دنیا میں پھیل جائے گی لیکن اب میں اپنی حرکت پر مداحوں اور فیڈریشن سے معذرت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اسکواش میری زندگی ہے اوراس کھیل کو جاری رکھنا چاہتا ہوں۔گردہ بیچنے کی مہم چلانا میرا جذباتی فیصلہ تھا جس پر سخت شرمندہ ہوں۔ دوسری جانب اسکواش ریکٹ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر کو ایونٹ میں شرکت کرنے کیلئے خط لکھا تھا جس پراسکواش فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ڈکشت9 سال سے انڈین اسکواش اکیڈمی میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ ان کی مالی معاونت جاری رکھیں گے اور وہ جنوبی ایشیائی گیمز میں بھی شرکت کرینگے۔