عمرکوٹ ( نامہ نگار ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نےکہا ہے کہ سندھ کے لوگوں کو بتانے آیا ہوں کہ ان کی عزت اور مستقبل صرف پی ٹی آئی کے ساتھ جڑا ہے سندھ کے اندر پسے ہوئے طبقے کو جگانے آیا ہوں پیپلز پارٹی میں شامل نہیں ہورہا ہوں ایک ٹولا سندھ میں پی ٹی آئی کی مقبولیت سے خوفزدہ ہوکر افواہیں پھلا رہا ہے۔ وہ چھاچھرو کے نزدیک گاؤں بگھل، حاجی احمد سمیجوقبولیو جو پارمیں عوامی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے غریب عوام بنیادی ضروریات سے بھی محروم ہیں تھر کے باشندے متحد ہوجائیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سہون سانحے میں شہید ہونے والوں کے اعضاء اٹھا کر کچرے میں پھینک دیے گئے جنہیں جانور کھا رہے ہیں استحصالی قوتوں سے مقابلہ کرنے کے لیے ہم سب کو متحد ہونا ہوگا تھر کے لوگوں کو کہتا ہوں کہ اب وقت آگیا ہے یک جا ہوجائیں غربت بدحالی کے خلاف اور اپنے حق کے لیے میں تھر کے ریگستان میں آپ کے حقوق کی جنگ لڑنے آیا ہوں قومی اسمبلی کاممبر بننے نہیں۔اس موقع پر ایم این اے لال مالہی، سید کاظم علی شاہ اور دیگر بھی موجود تھے، مخدوم شاہ محمود قریشی دورہ سندھ کے دوسرے روز تھرپارکر کے مختلف گاؤں جائیں گے اور خطاب کریں گے۔