راولپنڈی(نمائندہ جنگ)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی میں جج کی عدم تعیناتی کے باعث بے نظیر قتل کیس کی سماعت ایک بار پھر بغیر کسی کارروائی کے 27فروری تک ملتوی کر دی گئی، دسویں برس میں داخل ہونے والے اس کیس میں استغاثہ نے درخواست دے رکھی ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف عدالت آکر اپنا بیان قلمبند کروائیں اس درخواست پر پرویز مشرف کے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم نے بحث کرنا ہے درخواست دائر کئے جانے کے بعد شروع کی چند تاریخوں پر وکیل صفائی بوجہ مصروفیت نہ آئے اور اب گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے دو بار کی سابق منتخب وزیراعظم کے قتل کا کیس اس لئے بغیر کسی کارروائی کے ملتوی ہورہا ہے کہ عدالت میں نیا جج تعینات نہیں ہورہا، اس کے علاوہ بھی عدالت میں انتہائی اہمیت کے حامل آٹھ مقدمات بغیر کسی کارروائی کے ملتوی ہوئے جن میں بارہ ربیع الاول کو تھانہ چواسیدن شاہ کے علاقہ میں مسجد کے تنازعہ پر پیش آنے والے واقعہ کا کیس بھی شامل تھا۔