اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع اور سیکورٹی صورتحال پرآئین میں ترمیم کیلئے مشاورت میں سینیٹ کو بھی شامل کیا جائے گا۔ 23 فروری کو کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹ کے ارکان بھی شرکت کرینگے۔لاہور اور حیات آباد دھماکوں میں غیر ملکی ایجنسیاں ملوث ہیں، حملے باہر سے کنٹرول کئے گئے، ثبوت مل گئے ہیں۔ پیر کو ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع اور سیکورٹی کی صورتحال کے تناظر میں آئینی ترمیم کے حوالے سے مشاورت کیلئے قومی اسمبلی کی کسی کمیٹی کا رسمی طور پر اعلان نہیں کیا۔ غیر رسمی مشاورت ہوئی ہے، اب تک پانچ اجلاس ہوئے ہیں جس میں موجودہ صورتحال پر بات ہوئی ہے، کمیٹی میں ڈرافٹ تیار کیا گیا تاکہ سب نمائندے اس پر اپنی جماعتوں سے مشاورت کر سکیں۔