• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیرون ملک مقیم پاکستانی قومی سرمایہ ہیں، ڈاکٹر عبد القدیر خان

Overseas Pakistani National Capital Dr Abdul Qadeer Khan
عرفان صدیقی ، دارالسلام، تنزانیہ..... پاکستان کے معروف سائنسدان ، محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قومی سرمایہ ہیں۔ بلاشبہ اس وقت پاکستان کے حالات بہت زیادہ قابل فخر نہیں لیکن قوم کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے، ایک وقت آئے گا جب پاکستانی قوم اپنے پاکستانی ہونے پر فخر کرسکے گی۔

ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر عبد القدیر خان نے تنزانیہ کے دارالحکومت دارالسلام میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ویلفیئر ایسوسی ایشن آف پاکستان تنزانیہ کے صدر داود چٹھہ کے سوال کے جواب میں ڈاکٹر قدیر خان نےکہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں آنے والے حکمرانوں نے پاکستان سے زیادہ ذاتی مفادات کوعزیز رکھا جس کی وجہ سے پاکستان آج اس مقام پر نہیں پہنچ سکا جہاں دوسرے ممالک پہنچ چکے ہیں تاہم عوام کو ناامید نہیں ہونا چاہیے۔

ویپ تنزانیہ کے جنرل سیکریٹری ہشام وہیب چٹھہ کے ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر قدیر خان نے کہا کہ جس ملک میں انصاف نہیں ہوگا اس ملک کا مستقبل روشن کیسے ہوسکتا ہے لیکن انصاف کے حصول کے لیے پوری قوم کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی ۔

ڈاکٹر قدیر خان نے کہا کہ تعلیم ہی پاکستان کی ترقی کی ضامن ہے بیرون ملک مقیم پاکستانی جہاں تک ممکن ہوسکےتعلیم عام کرنے میں اپناکردار ادا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو چاہیے کہ اپنے کردار اور عمل سے پاکستان کی نیک نامی کے لیے کام کریں ،آپ سب پاکستان کے سفیر ہیں اور آپ کے کردار سے ہی پاکستان کی پہچان ہوتی ہے۔
تازہ ترین