سکھر (بیورو رپورٹ) ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے کہا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کے واقعات کے بعد سکھر میں پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ شہباز رینجرز کے جوان بھی پولیس کے ساتھ قیام امن کو یقینی بنانے کے لئے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام نے سکھر میں جلسہ کر کے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ جے یو آئی کی جانب سے سکھر پریس کلب کے سامنے جو جلسہ کیا گیا اس کی اجازت نہیں دی گئی تھی، پولیس نے لوگوں کی سیکورٹی کے لئے سو سے زائد اہلکاروں کو جلسہ گاہ کے اطراف میں فوری طور پر تعینات کیا۔ جے یو آئی کے صوبائی قائدین کی جانب سے دفعہ 144کی خلاف ورزی ہوئی ہے جس پر کارروائی کریں گے، وہ پریس کلب کے سامنے میڈیا سے بات چیت کریں گے۔ ملک میں دہشتگردی کی لہر اور موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے پہلے بھی درخواست کی تھی کہ اجتماع سے اجتناب کیا جائے کیونکہ لوگوں کا جمع ہونا دہشتگردوں کے لئے آسان ہدف بن جاتا ہے اور جو دہشتگردی کی لہر موجود ہے اس کو مدنظر رکھتے ہوئے جلسوں سے اجتناب کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات کے بعد شہر سمیت ضلع بھر میں پولیس اور شہباز رینجرز مستعد ہیں، قومی شاہراہوں، شہر کے تمام چوراہوں اور کسی بھی علاقے میں دن رات اسنیپ چیکنگ کا عمل جاری ہے جس میں پولیس اور رینجرز مشترکہ طور پر حصہ لے رہے ہیں۔