کوئٹہ ( پ ر ) بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عبدالغنی خلجی ، جنرل سیکرٹری نصیب اللہ ترین ، سینئر نائب صدر فاروق لہڑی ، بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر محمد آصف ریکی ، عطاء اللہ لانگو ایڈووکیٹ ، منیر احمد ایڈووکیٹ ، راحب بلیدی ایڈووکیٹ ودیگر نے اپنے بیان میں صوبائی کابینہ کی جانب سے ہائی کورٹ کے سرکٹ بینچز بمقام لورالائی و خضدار کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت اور چیف جسٹس بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ تربت ، لورالائی ، خضداراور سبی سرکٹ بینچز میں ہائی کورٹ کے مستقل ججز کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ آئینی تقاضے پورے ہوں اور غیر آئینی و غیر قانونی اقدامات کی روک تھام ممکن ہو سکے انہوں نے کہاکہ دونوں سرکٹ بینچز کی منظوری سے موسیٰ خیل اور دیگر دور دراز علاقوں سے آنے والے لوگوں کی مشکلات میں کمی ہوگی اور انہیں سستے اور فوری انصاف کی فراہمی ممکن ہوسکے گی انہوں نے کہاکہ وکلاء تنظیمیں وزیراعلیٰ بلوچستان اور ان کے کابینہ میں شامل سیاسی جماعتوں کے وزراء اور دیگر کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس دیرینہ مطالبہ کو منظور کیا تاہم ہم یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ لورالائی ، سبی ، تربت اور خضدار کے سرکٹ بینچز میں ہائی کورٹ کے مستقل ججز کی تعیناتی عمل میں لائی جائے انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور دیگر تنظیمیں عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گی۔