لندن(صباح نیوز) بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے خلاف ریڈ وارنٹ کے اجرا کے معاملے پر انٹر پول نے حکومت پاکستان سے13مارچ تک وضاحت طلب کرلی ہے، وزارت داخلہ کے مطابق انٹرپول نے ایف آئی اے کو جواب میں کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے الطاف حسین کے خلاف جن الزامات پر وارنٹ جاری کئے ہیں ان کی تفصیلات فراہم کی جائیں کیوں کہ انٹر پول سیاسی ومذہبی معاملات میں کارروائی نہیں کرتا ۔حکام وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ پاکستان 13مارچ تک انٹر پول کو وضاحت کرے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرپول کے سوالات محکمہ داخلہ سندھ کو بھجوائے جائیں گے تاہم محکمے کے جواب کی روشنی میں انٹرپول کے سوالات کا جواب دیا جائے گا،واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے عمران فاروق قتل کیس میں ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی منظوری دی تھی، لندن میں ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کو ان کے گھر کے باہر 2 نوجوانوں نے چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا تھا جس کی تحقیقات برطانیہ اور پاکستان میں بیک وقت جاری تھیں،پاکستانی تحقیقاتی اداروں نے ریکارڈ کی گئی ٹیلی فونک گفتگو کے ذریعے خالد شمیم اور معظم علی سمیت متعدد افراد کو گرفتار کیا تھا، ملزمان کے بیانات کی روشنی میں کئی بار عدالت نے تحقیقاتی اداروں اور پولیس کو متحدہ قائد کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔