سانگھڑ (نامہ نگار) اینٹی کرپشن پولیس کا محکمہ فوڈ کےدفتر پر چھاپہ، گزشتہ دو سال کے دوران گندم کی خریداری کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا۔ چھاپے کے وقت ڈسٹرکٹ فوڈ آفیسر دفتر سے غائب ہوگئے اس موقع پر اینٹی کرپشن پولیس کی ٹیم کے سربراہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن شہید بے نظیر آباد ڈویژن میر نادر علی ابڑو نے بتایا کہ ان کے محکمہ کو شکایت ملی تھی کہ محکمہ فوڈ سانگھڑ کوگزشتہ دو سال کے دوران12 لاکھ11ہزار5 سو 50بوری گندم کی خریداری کا سندھ حکومت کی جانب سے ٹارگٹ ملا تھا یہ گندم محکمہ فوڈ نے مقامی کاشت کاروں سے خریدنی تھی لیکن محکمہ کے افسران نے گندم کی بھاری مقدار مقامی کاشت کاروں سے خریدنے کے بجائے بیرون ضلع سےاپنے من پسند تاجروں سے خریدی اور انہیں بار دانہ جاری کیا اور ان تاجروں نے مقامی کاشت کاروں کی مجبوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان سے سستے داموں گندم خرید کر محکمہ فوڈ سانگھڑ کو فراہم کی۔ اس کے علاوہ محکمہ فوڈ کے خریداری سینٹروں شجاع جکھرو،بیرانی ،کھڈرو،کنڈیاری،گجری،ورکشاپ اورٹنڈویسروسے 24 لاکھ3 ہزارروپے مالیت کا بادانے ریکارڈ بھی غائب ہے۔