سکھر (بیورو رپورٹ)کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے گھوٹکی فیڈر کینال پر وجیکٹ میں مسو واہ پر رکے ہوئے کام کو فوری شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہےکہ مقامی لوگوں کے تحفظات اور مسائل جلد حل کئے جائیں جن لوگوں کا حق ہے انہیں ادائیگی کی جائے۔ وہ اپنے آفس کے کمیٹی روم میں مسو واہ پر رکے ہوئے کام کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ کمشنر سکھر نے کہا کہ گھوٹکی فیڈر کینال پروجیکٹ نہایت اہمیت کا حامل ہے جس سے ضلع کے لوگوں کو پانی میسر آئے گا جبکہ چاول کی کاشت پر پابندی کے باعث آباد گاروں کو وقت پرپانی فراہم کرنا نہایت ضروری ہے ۔ کمشنر نے ضلعی انتظامیہ گھوٹکی اور ایس ایس پی گھوٹکی کو ہدایت کی کہ مسو واہ کا رکا ہوا کام دوبارہ شروع کیا جائے اور وہاں کام مکمل ہونے تک پولیس کی چیک پوسٹ قائم کی جائے اور اس ضمن میں ایک کمیٹی بنائی جائے جو اس کام کی نگرانی کرے۔ قبل ازیں پی ڈی گھوٹکی فیڈر کینال جمال منگھن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گھوٹکی فیڈر کینال کی بحالی کا پروجیکٹ آر ڈی زیرو سے 127تک عالمی بینک کے تعاون سے 2989ملین کی لاگت سے جاری ہے اور اس کا 35فیصد کام مکمل ہو چکاہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسو واہ پروجیکٹ کی 2ایکڑ 3گھنٹہ زمین کا مسئلہ ہے جس کا معاوضہ اسسٹنٹ کمشنر اوباڑو کو مل چکا ہے ۔کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے ایڈیشنل کمشنر گھوٹکی1اور اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ فوری طور پر سروے کا کام مکمل کر تے ہوئے حقدار کو پیسوں کی ادائیگی کی جائے اور کام میں تاخیرہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔