• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت مذاکرات منسوخ نہیں ملتوی ہوئے ہیں،پرویزرشید

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت نے مذاکرات کو دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیا گیا۔پاک بھارت مذاکرات منسوخ نہیں ملتوی ہوئے ہیں۔دونوں ذمہ دار ملک ہیں ،کسی بھی پیشرفت سے ایک دوسرے کو آگاہ کریں گے۔دہشت گردی کے خلاف ہماری کوششوں کو دنیا مانتی ہے،اب تو نئی دہلی نے بھی انہیں تسلیم کر لیا ہے۔عمران خان قومی اسمبلی میں آئیں تو انہیں پاکستان کی معیشت کی صورتحال سے آگاہ کریں گے۔سماجی شعبے میں کاروباری اداروں کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ہم ان کا احترام کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ʼʼکاروباری شعبے کی سماجی ذمہ داریʼʼ کے موضوع پر 8ویں قومی کانفرنس اور ایوارڈ کی تقریب سے خطاب و میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سے جاری کیاگیا وائٹ پیپر ابھی نہیں پڑھا جب پڑھوں گا تو اس پر بات کروں گا۔عمران خان قومی اسمبلی میں آئیں اور سوالات کریں وہ قومی اسمبلی کے ممبر ہیں۔انہوں نے اجلاسوں میں شرکت کم کردی ہے لوگوں نے انہیں ووٹ دے کر اپنا نمائندہ منتخب کیا ہے وہ صرف کنٹینراور پریس کانفرنس کے ذریعے بات کرتے ہیں۔وہ قومی اسمبلی آئیں تو انہیں سمجھایا جا سکے گا کہ پاکستانی معیشت کیا ہے۔2013ء میں کیا تھی اور آج کہاں کھڑی ہے جو بات پوری دنیا کو سمجھ آ گئی وہ عمران خان کو بھی سمجھ آ جانی چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے جب کوئی دہشتگردی کا واقعہ رونما ہوتا تھا تو پاکستان اور بھارت میں کشیدگی بڑھ جاتی تھی اور دونوں طرف سے سخت رد عمل آنے کی وجہ سے پوری دنیا کو فکر لاحق ہوجاتی تھی لیکن اس دفعہ دونوں ممالک نے جس ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے پوری دنیا اس کی تعریف کر رہی ہے۔دونوں ممالک سوچ سمجھ کر قدم بڑھا رہے ہیں۔پہلی دفعہ ایسا ہوا کہ دونوں ریاستوں نے مذاکرات کو دہشت گردی کے ہاتھ یرغمال نہیں بننے دیا۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پا کستا ن میں بہت سے دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے اور اب تک جو تحقیقات ہوئی ہیں اس سے پاکستان کے اندر بھی اور باہر بھی اطمینان ہے۔پرویز رشید نے کہا کہ دہشت گردی کسی بھی نام سے کی جائے ہم اس کے خلاف ہیں۔ہم کئی قسم کی دہشت گردی سے لڑ رہے ہیں ہماری کوششوں کو دنیا تسلیم کرتی ہے اب تو نئی دہلی نے بھی انہیں تسلیم کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کا جواب اگر پاکستانی میڈیا دے تو مزہ آئے۔قبل ازیں تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ سماجی شعبے میں کارو با ر ی اداروں کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ہم ان کا احترام کرتے ہیں۔ یہ لوگ اپنی صلاحیت اور محنت سے پیسہ کما کر نیکی کے کام پر خرچ کرتے ہیں۔
تازہ ترین