سیالکوٹ (نمائندہ جنگ)ڈپٹی کمشنر سیا لکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ چھٹی خانہ و مردم شماری مہم کی نگرانی اور متعلقہ محکموں کی آپس میں کوآرڈی نیشن کیلئے ڈی سی آفس سیالکوٹ میں سنٹرل کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے جبکہ تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنر آفیسز میں کنٹرول روم ہونگے ‘قومی خانہ و مردم شماری مہم میں 2283ملازمین کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جن کی 5مارچ تک ٹریننگ مکمل کرلی جائے گی جبکہ 11مارچ تک شماریات کا مواد تقسیم کردیا جائے گا ہر شمار کنندہ ٹیم کے پاس دو ، دو بلاک ہونگے بلاک i.میں 15سے29مارچ اور بلاک۔iiمیں31مارچ سے 14اپریل تک خانہ و مردم شماری کا قومی فریضہ انجام دیں گے ۔یہ بات انہوں نے خانہ و مردم شماری مہم کے سلسلہ میں ہونے والے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ خانہ و مردم شماری مہم کیلئے 5مارچ سے ضلع سیالکوٹ میں بھرپور تشہیری مہم چلائی جائے گی اور اس مہم کے بارے میں پیغام گھر گھر پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ 110سنسزسرکل میں ٹرانسپورٹ بھی مہیا کی جائے گی جبکہ 7مارچ تک ضلعی پولیس اپنا سیکیورٹی پلان تشکیل دے گی ۔ انہوں نے کہاکہ بروقت مردم شماری مہم کے آغاز کو یقینی بنانے کیلئے 12مارچ سے سول اور ملٹری سٹاف مشترکہ طور پرتجویز کردہ علاقوں کا دورہ کریں گے ۔ ڈی پی او سیا لکوٹ ،فوکل پرسن /ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر شیر اے سی سیا لکوٹ ،سمبڑیال ، ڈسکہ، پسرور ،سی او ایجوکیشن محمد فا روق ،ڈی ایس پی سٹی کے علاوہ متعلقہ محکموں کے مقامی حکام بھی موجود تھے ۔