راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)راولپنڈی اور اٹک میں غیر قانونی لکڑی کے44 ٹال قائم ہیں۔جہاں پر جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کرکے لکڑی لائی جاتی ہے۔جس سے نہ صرف ماحول کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ تجاوزات بھی ہورہی ہیں اور حکومتی خزانے کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔اس حوالے سے ایک رپورٹ پنجاب حکومت کو بھجوائی گئی ہے۔جس میں راولپنڈی میں34اور ضلع اٹک میں10غیر قانونی لکڑی کے ٹال اور ان کی تفصیلات دی گئیں ہیں۔رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ ان لکڑی کے ٹالوں کے خلاف پنجاب فاریسٹ ایکٹ1927کے سیکشن76کے تحت کارروائی کرکے پابندی لگانے کا بھی کہا گیا ہے۔ضلع راولپنڈی کے غیر قاونی ٹال زیادہ تر مری،کوٹلی ستیاں اور کہوٹہ میں ظاہر کئے گئے ہیں۔جبکہ راولپنڈی شہر اوراردگردبھی نو ٹال موجود ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لکڑی کے ان ٹالوں میں فروحت کیلئے مختلف علاقوں سے ملی بھگت کرکے جنگلات کی لکڑی لائی جاتی ہے۔مالکا ن ٹال کی طرف سے ناجائز تجاوزات بھی کی گئیں ہیں جس سے ٹریفک روانی میں خلل پڑتا ہے۔رپورٹ میں مالکان کے نام اور ایڈریس کے سات ساتھ فون نمبرز بھی موجود ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے رپورٹ کارروائی کیلئے متعلقہ حکام کے حوالے کردی ہے۔