صوابی،کراچی ( ایجنسیاں ) خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں سیکورٹی فورسز نے علی الصبح آپریشن کر کے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ انکے 3 ساتھی فرار ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکورٹی فورسز نے صوابی کے علاقے باجہ میں آپریشن کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ہلاک ہونیوالے دہشت گردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ اور ممنوعہ لیٹریچر بھی برآمد ہوا ہے ۔کامیاب آپریشن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا گیا جبکہ فراریوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گردوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں منتقل کر دی گئی ہیں تاہم ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا کہ ان دہشت گردوں کا تعلق کس شدت پسند تنظیم سے تھا،فرار ہشت گردوں کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہےذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد شکل و صورت سے مقامی نہیں لگتے،ان کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں، ۔ آپریشن میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ حصہ لیا۔ 3 دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ دہشت گردوں سے ایس ایم جی، دستی بم اور ہزاروں کارتوس برآمد کئے گئے ہیں ۔ادھر کراچی سے آپریشن ردالفساد کے تحت پولیس نے 15 غیر ملکیوں کو گرفتارکرلیا ۔تفصیلات کے مطابق گرفتار کیے جانیوالوں میں 13 افغانی جبکہ 2 بنگلہ دیشی بھی شامل ہیں۔ 15 غیر ملکیوں کو آپریشن ردالفساد کے تحت شہر کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔تمام گرفتار افراد کیخلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔