بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)کمشنر بہاول پور ڈویژن ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں غیر قانونی بل بورڈز کے خاتمہ کے لئے سخت کریک ڈاؤن کیا جائے اور غیر معیاری وبغیر رجسٹریشن کے تشہیری ہورڈنگز کی بیخ کنی کی جائے۔یہ ہدایات انہوں نے ڈویژنل انتظامیہ کے افسران کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں دیں۔ اجلاس میں میئر بہاول پور عقیل نجم ہاشمی، سابق چیئر مین بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سمیع اللہ چوہدری اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔اجلاس میں میئر عقیل نجم ہاشمی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی میں رخنہ ڈالنے والی ناجائز تجاوزات کے خاتمہ کو یقینی بنایا جائے گا اور پارکوں وپبلک مقامات کی تزئین وآرائش کی جائے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈویژن بھر میں غیر قانونی بل بورڈز کی شناخت کی گئی جس میں 5ضلع کونسل بہاول پور 30یزمان، 16احمد پور شرقیہ،30بہاول نگر اور 106رحیم یار خاں کی حدود میں پائے گئے۔دریں اثنا کمشنرثاقب ظفر نے کہا ہے کہ ماڈل ریلوے سٹیشن بہاول پور کو بر وقت اور معیار کے مطابق تعمیر کرنے کے لیے تمام تراقدامات بروئے کار لائے جائیں۔۔ یہ ہدایات انہوں نے ریلوے اسٹیشن کے تعمیراتی کام کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیں۔