صوابی (ایجنسیاں)صوابی میں گزشتہ روز سکیورٹی فورسز پر حملوں کے بعد دہشتگردوں کے خلاف آپریشن بدھ کو بھی جاری رہا‘خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی کے علاقہ باجہ میں سیکورٹی فورسز نے علی الصباح کارروائی کرکے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ تین دہشتگرد فرارہوگئے ‘دہشت گردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ اور ممنوعہ لٹریچر بھی برآمد ہوا ہے‘دریں اثناء آپریشن ردال فسادکے تحت کراچی ‘اٹک‘کوہاٹ‘پشاوراورمردان میں کارروائیوں کے دوران غیرملکیوں سمیت 500 مشتبہ افرادکو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ہتھیار اورگولہ بارودبرآمد کرلیا گیا ‘سکیورٹی فورسزنے باجوڑا یجنسی اوردالبندین میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں اسلحہ اورگولہ بارود برآمدکرلیا۔ تفصیلات کے مطابق صوابی میں کامیاب آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا گیا جبکہ فراریوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے‘ سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گردوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں منتقل کر دی گئی ہیں تاہم ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا کہ ان دہشت گردوں کا تعلق کس شدت پسند تنظیم سے تھا ۔ ذرائع کے مطابق مارے گئے افراد شکل و صورت سے مقامی نہیں لگتے تاہم ہلاک افراد کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں‘اے ایف پی نے سکیورٹی عہدیدارکے حوالے سے بتایاہے کہ سکیورٹی فورسز نے صوابی کے ایک گاؤں میں شدت پسندوں کے دوسرے کمپاؤنڈ پر دھاوا بو ل کر 10دہشت گردوں کو ہلاک کردیا‘ عہدیدا ر کے مطابق کارروائی انٹیلی جنس کی بنیادپر کی گئی ‘مرنے والے تمام افرادشدت پسندتھے ۔ صوابی کے ضلعی پولیس سربراہ صہیب اشرف نے بی بی سی کو بتایا کہ سکیورٹی فورسز کے دستے خفیہ معلومات کے تحت سرچ آپریشن کر رہے تھے کہ اس دوران ان کا دہشت گردوں سے آمنا سامنا ہوا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی صوابی میںفوج کی جانب سے شدت پسند و ں کے خلاف آپریشن کے دوران ایک کیپٹن سمیت دو اہلکار شہید جبکہ جوابی حملے میں پانچ شدت پسندمارے گئے تھے ۔ ادھر کراچی میں بھی پولیس اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے 24 ملزموں کو گرفتار کیا ہے جن میں15غیر قانونی تارکین وطن بھی شامل ہیں‘گرفتار افراد کیخلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پشاور سے 30جبکہ مردان کے علاقے تھورو سے 15 مشتبہ افراد کو گرفتار کیاگیا ہے‘اٹک میں کومبنگ آپریشن کے دوران 8غیر ملکیوں سمیت 393مشتبہ افرادکو حراست میں لے لیاگیا۔ کوہاٹ میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے قانون شکن عناصر کے خلاف جاری آپریشن کے دوران مزید تین مطلوب اشتہاریوں سمیت 47مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔زیر حراست افراد کے قبضے سے پولیس کو بڑی تعداد میں غیر قانونی اسلحہ بھی برآمدکرلیا۔ ادھر باجوڑ ایجنسی میںتباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ۔ فرنٹیئر کور خیبر پختونخواہ نے تحصیل سلارزئی کے علاقے ڈھیرئی میں سرچ آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارو د بر آمد کرلیا ۔ مزید برآ ں بلوچستان کے علاقے دالبندین میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے زیرزمین چھپایا گیا اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق بدھ کو ایف سی اور حساس ادارے کو خفیہ اطلاع ملی کہ پاک ایران سرحدی علاقے پوستی میں اندر و ن بلوچستان دہشتگردی کی کارروائیوں کے لئے بڑی مقدار میں اسلحہ لایا گیا ہے جس پر کارروائی کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے مذکورہ علاقے میں ایک کمپاؤنڈ پر چھاپہ مار کر زیر زمین چھپائی گئی اینٹی ائیر کرافٹ گن کی 6200گولیا ں برآمد کرلیں۔