سیالکوٹ(نمائندہ جنگ)سیالکوٹ لاہور موٹر وے کی تعمیر کیلئے تحصیل سمبڑیال میں ایکوئر کی گئی اراضی کے مالکان میں رقوم کی تقسیم کا آغاز کردیا گیا اور اب تک212ایکڑ ایکوائر کی جاچکی ہے ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے تحصیل سمبڑیال میں ایکوائر کی گئی زمین کے مالکان میں رقوم تقسیم کرنے کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے کی تعمیر کیلئے مطلوبہ اراضی ایکوائر کرکے این ایچ اے کے حوالے کردی گئی ہے اور مالکان میں رقوم کی ادائیگیوں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایکوائر کی گئی تمام اراضی اور ان پر تعمیرات کے معاوضہ جات بھی ادا کئے جائیں گئے اوراس سلسلہ میں شفافیت کا ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس میگا پراجیکٹ کی بروقت تعمیر کے آغاز کیلئے زمین کی خریداری کو پہلے مرحلے میں مکمل کرلیا گیا ہے اور نشاندہی کرکے متعلقہ ادارے کے حوالے کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی ہدایات کے مطابق مالکان کو زمین کا معقول معاوضہ دیا جارہا ہے اورزمین کی ویلیو مارکیٹ ریٹ کے مطابق لگائی گئی ہے ۔