• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، گھوٹکی، خیرپور اضلاع کے پولیس اہلکاروں کی ترقیوں کا سلسلہ شروع

سکھر (بیورو رپورٹ) پولیس رینج سکھر میں کئی برسوں سے افسران اور اہلکاروں کی رکی ہوئی ترقیوں کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیروز شاہ کی جانب سے سکھر، گھوٹکی، خیرپور اضلاع کے پولیس افسران اور اہلکاروں کی ترقیوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔8 ماہ کے دوران 234افسران اور اہلکاروں کو ترقیاں دی گئی ہیں جن میں 107 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو ترقی دے کر سب انسپکٹر بنایا گیا اور 70سب انسپکٹرز کو انسپکٹرز کے عہدوں پر ترقیاں دی گئیں جس کے بعد اب ہییڈ کانسٹبل کے عہدوں پر کام کرنے والے 57 اہلکاروں کو اے ایس آئی کے عہدوں پر ترقی دی گئی ہے۔ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیروز شاہ کی ذاتی کوششوں سے سکھر رینج کے15سے 20سال کے عرصے کے دوران ترقیوں کے انتظار میں بیٹھے افسران سے لے کر اہلکارخاص طور پر ہیڈکانسٹبل سطح کے اہلکار جنہیں 20سال کا عرصہ گذر چکا ہے اور وہ ریٹائرمنٹ کے قریب پہنچ رہے ہیں ان کی ترقیاں نہ ہونے سے ان میں مایوسی پھیلی ہوئی تھی تاہم حالیہ 57ہیڈ کانسٹبلز کو اے ایس آئی کے عہدوں پر ترقی دے کر ان کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ تینوں اضلاع میں پولیس کا مورال بلند ہوا ہے۔ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیروز شاہ کی زیر صدارت پرموشن بورڈ کی کمیٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ، ایس ایس پی اسپیشل برانچ منصور احمد مغل، ایس ایس پی خیرپور اظفر مہیسر، ایس ایس پی گھوٹکی مسعود بنگش سمیت دیگر شعبوں کے ایس ایس پی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں 57ہیڈ کانسٹبلز کو اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) کے رینک پر ترقی دے دی گئی۔ ترقی پانے والوں کا تعلق ضلع گھوٹکی، خیرپور اور سکھر سے ہے۔ترقی پانے والے یہ 57ہیڈ کانسٹبلز کو 15سے 20برس کے دوران ترقی نہیں دی گئی تھی اور یہ تمام اہلکار ترقیوں کی آس لگائے اپنی ریٹائرمنٹ کی جانب بڑھ رہے تھے جس سے ان ہیڈ کانسٹبلز میں مایوسی کی لہر بھی پائی جاتی تھی۔
تازہ ترین