• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چھٹی مردم شما ری کل سے شرو ع فوج کے دستے لیہ پہنچ گئے

ملتان (سٹاف رپورٹر،نمائندگان،این این آئی) چھٹی مردم شما ری کل سے شرو ع ہو گی ،پاک فو ج کے 2لاکھ نوجوان حصہ لیں گے ،  فوج کے دستے لیہ پہنچ گئے،خواجہ سرائوں کیلئے کوڈ 3مقرر کر دیا گیا،سامان فیلڈ عملے کے حوالے،گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ بھی جاری،سندھ میںعملے کے تبادلوں اور تقرریوں پر پابندی عائد کر دی گئی، تفصیل کے مطابق پاکستان میں19سال بعد چھٹی مردم شما ری کا آغا ز کل سے ہو گا ،مردم شماری مرحلہ وار کر وائی جائے گی ،پہلا مر حلہ 15اپریل کو اختتام پذیر ہو گا، آئی ایس پی آر کے مطابق مردم شماری میں پاکستا ن فو ج کے 2لاکھ جوا ن حصہ لیں گے اور فو جی جوا ن عملے کے ہمرا ہ گھر گھر جائیں گے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ خوا جہ سراؤ ں کو بھی مر دم شما ری میں شامل کیا جائے گا ،مردم شماری کیلئے 1لاکھ 20ہزار سرکاری ملازمین حصہ لیں گے ، ذرائع کے مطابق مردم شما ر ی کیلئے حساس علا قو ں کی نشا ند ہی کر دی گئی ہے ملک بھر میں جا ری مردم شما ری کیلئے  سکیورٹی کے سخت اقدا مات کئے گئے ہیں،ملتان ریجن کےاضلاع میں بھی  تیاریاںمکمل کر لی گئیں۔ مردم شماری میٹریل فیلڈ عملے کے حوالے کر دیا گیا۔کل 15 مارچ سے ڈیرہ غازی خان ، راجن پور ، لیہ ، مظفر گڑھ ، بہاولپور ، وہاڑی اور پاک پتن میں مردم شماری کا آغاز کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں مردم شماری کےلئے صوبائی کمشنر برائے مردم شماری کی ذمہ داری عارف انور بلوچ کے سپرد ہے جبکہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ محمد اسلم کمبوہ صوبائی فوکل پرسن ہوں گے ۔ڈپٹی کمشنرز ڈسٹرکٹ آفیسر برائے مردم شماری ہوں گے ، اس ضمن میںڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں ۔ مردم شماری کے فیلڈ سٹاف میں شمار کنندہ ، سرکل سپر وائزرزاور چارج سپرنٹنڈنٹس شامل ہوں گے جن کی تعیناتیاں کر دی گئی ہیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ مردم شماری کا فیلڈ عملہ 90 فیصد محکمہ تعلیم سے لیا گیا ہے۔ادارہ شماریات ملتان کے مطابق صوبائی ، ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کر دیئے گئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق مردم شماری کے لیئے مختص کے گئے فارم میں جنس کے خانے میں مرد کو کوڈ 1 اور عورت کو کوڈ 2 دیا گیا ہے ،شماریات ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ سرا کے شمار کا فیصلہ بعد میں ہوا ہے اور فارم 2 پہلے ہی شائع ہو چکا تھا ۔اب خواجہ سرا کے شمار کے لئے کوڈ 3 مقرر کیا گیا ہے اور شمار کنندگان کو تربیت کے دوران آگاہ کر دیا گیا ہے ، اس حوالے سے کمپیوٹر میں ضروری تبدیلیاں بھی کر دی گئی ہیں ۔دوسری طرف پاک فوج کے چاک و چوبند دستے لیہ پہنچ گئے ،بتایا گیا ہے کہ ہر بلاک میں عملہ کے ساتھ پاک فوج کا ایک اہلکار شامل ہوگا ،ادھر مردم شماری کے لئے عملہ کو پک اینڈ ڈراپ کے لئے انتظامیہ نے گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ شروع کر رکھی ہے جس کے خوف سے بیشتر ٹرانسپورٹرز نے گاڑیاں چھپا دی ہیں جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کاسامنا ہے ۔ ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں پہلے مرحلے کے تحت مردم شماری کے  انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کمشنر آفس میں اجلاس ہوا جس میں کمشنر اللہ رکھا انجم ، آ رپی او رحمت اللہ نیازی ، پاک فوج کے بریگیڈیئر طار ق ، بریگیڈیئر عمران ، بریگیڈیئر سجاد ، لیفٹیننٹ کرنل طار ق ، لیفٹیننٹ فیصل ، لیفٹیننٹ کرنل اسامہ الیاس ، لیفٹیننٹ کرنل عامر احمد ، میجر وقاص ٹیپو ، میجر سید معین آفتاب ، ڈپٹی کمشنر لیہ واجد علی شاہ ، ڈپٹی کمشنر راجن پور محمد اشفاق ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز چودھری سجاد حسین گجر سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔ اجلاس میں بتایاگیاکہ خانہ و مردم شماری کیلئے سکیورٹی ، ٹرانسپورٹ اور ٹیموں کی رہائش کیلئے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔ ڈویژن بھر کے حساس مقامات پر خفیہ کیمروں کی تنصیب کے علاوہ چیک پوسٹس پر تلاشی کو یقینی بنایا جائے گا۔ کچے کے علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کی جائے گی۔ پنجاب پولیس ، بی ایم پی ، بلوچ لیوی او ردیگر فورسز سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں گی ۔ دریں اثناء حکومت سندھ نے صوبے بھر میں مردم شماری کے لیے تعینات عملے کے تبادلوں اور تقرریوں پر پابندی عائد کردی ہے ۔اس ضمن میں جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق تبادلوں اور تقرریوں پر 15 سے 25مارچ تک پابندی ہوگی ۔جبکہ اس دوران ملازمین کی چھٹیوں پربھی پابندی ہوگی ۔
تازہ ترین