اسلام آباد( نمائندہ جنگ) خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے جھگڑے میں ملوث ن لیگ اور تحریک انصاف کے دو اراکین کےخلاف کارروائی اور سزا تجویز کردی ہے۔قومی اسمبلی کی تحقیقاتی کمیٹی نے مرادسعید جاوید لطیف جھگڑے کی تحقیقات مکمل کرلی ہیں ۔تحقیقاتی کمیٹی نے مکا مارنے والے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی مراد سعید کو 2دن اور خواتین کے بارے میں مبینہ غیراخلاقی گفتگو کرنے والے مسلم لیگ ن کے رکن جاوید لطیف کو 8دن کے لیے معطل کرنے کی سفارش کی ہے۔کمیٹی نے یہ سفارش بھی کی ہے کہ جھگڑنے والے دونوں ارکان ایوان میں اپنے عمل کی معافی مانگیں گے ۔ارکان اسمبلی مرادسعیداورجاوید لطیف کےدرمیان جھگڑے کی 6 رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے پہلے اجلاس میں ہی تحقیقا ت مکمل کر کے سفارشات اسپیکر کوجمع کرواد یں ۔ میٹی نے سفارش کی ہے کہ پہلے جاوید لطیف 8دن پابندی کے بعد 21مارچ کو معافی مانگیں گے، ان کے بعد مراد سعید بھی ایوان میں اپنے رویے پرمعذرت کریں گے۔معطلی کے دوران دونوں ارکان تنخواہ و دیگر مراعات بھی حاصل نہیں کرسکیں گے۔کمیٹی ارکان نےاجلاس سے قبل سپیکر قومی اسمبلی ایازصادق سے چیمبر میں ملاقات کی اور تمام ویڈیو، آڈیو اور موقع پر موجود اسٹاف کے بیانات کے ریکارڈ کاجائزہ لیا۔ رکن کمیٹی صاحبزادہ طارق اللہ کاکہناہے کمیٹی نے ایسا فیصلہ کیا جو آئندہ کےلئے مثال ہوگا۔