راولپنڈی،ڈی جی خان (خبرایجنسیاں) افغانستان سے دہشتگردوں نے خیبر ایجنسی میں ایف سی چیک پوسٹ پرحملہ کیا جس کے نتیجے میں2اہلکار شہید اور4زخمی ہوگئے ، جوابی کارروائی میں 8دہشتگرد مارے گئے، حملے کی ذمے داری جماعت الاحرار نے قبول کی ہے ،ادھر شبقدر میں ایف سی ٹریننگ سینٹر پر خودکش حملے کے نتیجے میں ایک ایف سی اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایف سی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ دوسری جانب ڈیرہ غازی خان میں رینجرزاورسیکورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن میں5دہشت گرد ہلاک اور7 گرفتار کرلیے گئے ، دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور باردوی مواد برآمد کر لیا گیا، آپریشن میں گن شپ ہیلی کاپٹرز استعمال کیے گئےفورسز کی دیگر کارروائیوں میں افغانیوں سمیت 46افراد گرفتار کرلیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں نے پاک افغان سرحد پر خیبر ایجنسی میں واقع ایف سی کی چیک پوسٹ کو سرحد پار سے نشانہ بنایا، پاکستانی فوجیوں نے حملے کا موثر جواب دیا جس کے نتیجے میں 8دہشت گرد مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے 2اہلکار شہید اور4زخمی ہو گئے، بعد ازاں شہید ہونے والے لانس نائیک جہانزیت اور نائب صوبیدار سعید خان کی نماز جنازہ کور ہیڈ کوآرٹر پشاور میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں گورنر خیبرپختونخوا ، آئی جی ایف سی اور دیگر سول وفوجی حکام نے شرکت کی، اے ایف پی کے مطابق حملے کی ذمے داری جماعت الاحرار نے قبول کی ہے۔ ادھرایک الگ واقعے میں خود کش حملہ آوروں نے شبقدر کے علاقے میں ایف سی ٹریننگ سینٹر پرخود کش حملہ کیا جس کے نتیجے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کا ایک اہلکار لانس نائیک نعیم اللہ شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔ دوسری جانب رینجرز اور سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے زندہ پیر میں مشترکہ کارروائی کی، اس دوران 5دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ7کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار افراد سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا جو انہوں نے مختلف مقامات پر چھپا رکھا تھا، سیکیورٹی فورسز کے مطابق زندہ پیر میں ہونے والے سرچ آپر یشن میں گن شپ ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیے گئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب رینجرز میجر جنرل اظہر نوید حیات نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا اور قبائلی علاقوں میں ہونے والے آپریشنز اور رینجرز کی جانب سے سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی جی رینجرز نے کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے اور ملک کے کونے کونے سے دہشت گردوں کا مکمل طور پر قلع کردیا۔ دریں اثناء آئی ایس پی آر کے مطابق ملک بھر میں جاری آپریشن ردالفساد کے تحت پنجاب پولیس ، رینجرز اور حساس اداروں نے راولپنڈی ، اسلام آباد ، سیالکوٹ ، شکر گڑھ ، دی جی خان، لاہور، اٹک، شیخوپورہ اور جھنگ میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا، اس دوران سکیورٹی فورسز نے11افغانی باشندوں سمیت 46افراد کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔