• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کا اسد قیصر سے سپیکر کا عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ معاملہ پارلیمانی سطح پر اٹھایا جائے گا

پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا اسمبلی کی اپوزیشن جماعتوں نے مبینہ کرپشن اور اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال کے الزامات کے بعد اسد قیصر سے سپیکر کے عہدے سے الگ ہوکر خود کو تلاشی دینے کیلئے پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے اورمعاملہ پارلیمانی سطح پر اٹھانے کیلئے صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کیلئے ریکوزیشن کی تیاری کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ مسلم لیگ ن نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس ریکوزٹ کرنے کیلئے جمعیت، اے این پی اور پیپلز پارٹی سے رابطہ کیا ہے ، خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر پر مبینہ کرپشن ، جائیدادیں بنانے اور مبینہ طور پر اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات کے بعد صوبہ کی اپوزیشن جماعتیں بھی سپیکر کیخلاف میدان میں نکل آئی ہیں اور پاکستان مسلم لیگ ن اور عوامی نیشنل پارٹی نے سپیکر اسد قیصر سے اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرکے  الزامات کی آزادانہ تحقیقات کیلئے سپیکرشپ سے مستعفی ہونیکا مطالبہ کیا ہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے صوبائی حکومت پر دباؤ ڈالنے کیلئے اسمبلی کا اجلاس بھی ریکوزٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سپیکر پر الزامات کا معاملہ بھی اٹھایا جائیگا، اس سلسلے میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر سردار اورنگزیب نلوٹھا نے ’’ جنگ‘‘کو بتایا ہے کہ انہوں نے جے یو آئی، اے این پی اور پیپلز پارٹی کیساتھ رابطہ کرکے ریکوزیشن کی تیاری کیلئے مشاورت کی ہے، انہوں نے کہاکہ سپیکر اسد قیصر سیاسی بیان بازی کے ذریعے بچنے کی کوششوں کی بجائے تلاشی دینے کیلئے تیار ہوجائے کیونکہ مسلم لیگ ان سے ایک ایک پائی کا حساب لے گی، انہوں نے کہاکہ اسد قیصر اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرکے عہدے سے الگ ہوجائیں اور خود کو احتساب کیلئے پیش کریں ، انہوں نے کہاکہ جو لوگ لیگ ن کے قائدین سے استعفے اور تلاشی مانگتے تھے اب انہیں خود شرمسار ہونا چاہیے اور اربوں روپے کے الزامات کا سامنا کرنا چاہیے، انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے صوبہ سے کرپشن کے خاتمہ کا نعرہ لگایا تھا مگر سب سے زیادہ کرپٹ کو خود ان کی حکومت کے عہدیدار ہیں انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کا تو اب ایک سال باقی ہے جلد مزید سکینڈل بھی سامنے آئیں گے، انہوں نے کہاکہ ای دیکھتے ہیں کہ کپتان کرپٹ سپیکر کے خلاف کوئی ایکشن لیتے ہیں یا پھر آنکھیں پھیر لیتے ہیں۔
تازہ ترین