صوابی( نمائندہ جنگ ) تحصیل کونسل رزڑ صوابی کا اجلاس کنوینئر حافظ محمد بلال کی صدارت میں ہوا جس میں اے سی رزڑ شبیر احمد خان ، ڈی ایس پی بشیر داد خان ، ٹی ایم او وقاص خان ،ٹی او آر کامران اور تمام اراکین کونسل نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایجنڈے کے مطابق امن و امان پر بحث کر تے ہوئے ڈی ایس پی بشیر داد خان نے کہا کہ تحصیل رزڑ میں مثالی امن قائم کیا گیا ہے۔ اے سی شبیر احمد خان نے کہا کہ تحصیل رزڑ میں روزانہ کی بنیاد پر اشیائے خوردونوش کی چیکنگ میری نگرانی میں ہو رہی ہے ۔ اراکین کونسل ناجائز منافع خوری کے خلاف انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ تحصیل ناظم حاجی غلام حقانی نے تمام افسروں ا ور اراکین کونسل کا اجلاس میں بر وقت شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر رکن کونسل لعل باچاسوڈھیر نے کہا کہ محکمہ مال کے پٹواری جمع بندی کے دوران انتقال میں در ج ناموں کو چھوڑتے ہیں اس عمل کی وجہ سے خاندانوں میں دشمنیاں جنم لیتی ہیں اور لوگ عدالتوں کے چکروں میں پڑجاتے ہیں لہذا صوبائی حکومت اس کے لئے قانون سازی کرے۔ جہانزیب خان دوبیان نے کہا کہ تعمیراتی کاموں کے لئے کونسل کے مقامی ٹھیکیدار کو اپنی کونسل میں ٹھیکہ نہ دیا جائے۔ یوتھ کونسلر ہلال احمد نے کہا کہ علاقے میں میڈیکل سٹوروں میں نوجوانوں کو نشہ آور گولیاں اور ادویات مل رہی ہیں۔ منور شاہ ، فاروق ، دوران خان اور دیگر نے علاقے میں مچھر مار سپرے کرانے کا مطالبہ کیا۔