• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غریب بچوں کو حصول تعلیم کیلئے تعاون فراہم کررہے ہیں، مبارک صدیقی

لندن (ودود مشتاق) دنیا کے ہر بچے کے لئے یکساں تعلیم کے مواقع اور مفت تعلیم کی فراہمی اس کا بنیادی انسانی حق ہے، اس مقصد کے لئے برٹش پاکستانی کمیونٹی اپنا کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے سرے اپسم میں تعلیم الاسلام کالج اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقدہ سالانہ تقریب میں کیا۔ ایسوسی ایشن کے صدر مبارک صدیقی نے کہا کہ ان کی تنظیم پاکستان اور افریقہ سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں تعلیمی اداروں کے قیام، غریب بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی اور ان کے مالی حالات کے پیش نظر حصول تعلیم میں حائل مشکلات کے حل میں ہر ممکن تعاون کررہی ہے۔ سالانہ اجلاس کے صدر عبدالمنان اظہر نے کہا کہ ان کی تنظیم کا ہدف ہر سال دنیا کے پسماندہ ممالک میں ایک نیا سکول قائم کرنا ہے، تاکہ نئی نسل کو تعلیم سے روشناس کرایا جاسکے۔ تنظیم کے مرکزی رہنما ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ وہ لوگ تعلیم کے نور سے ظلمتوں کو مٹا رہے ہیں کیونکہ تعلیم ہر شخص کی بنیادی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر عبدالباری نے کہا کہ تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانا اس لئے بھی ضروری ہے کہ یہ معاشرتی ترقی اور انسانی بقا کے لئے لازم ہے۔ اس موقع پر تعلیمی شعبے میں گراں قدر رضا کارانہ خدمات پر دو مرتبہ جیک پیچی ایوارڈ حاصل کرنے والے طالب علم دانیال مبارک نے پاکستان اور افریقی ممالک میں تعلیمی اداروں کے قیام میں اپنی مفت خدمات پیش کیں۔
تازہ ترین