• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان کو پاکستانی صوبہ بنانےکےخلاف ہیں، شاہد ہاشمی

اولڈہم( تنویر کھٹانہ) جموں وکشمیر عوامی نیشنل پارٹی برطانیہ کے صدر شاہد ہاشمی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو پاکستان کی جانب سے پانچواں صوبہ بنانے کہ مجوزہ منصوبے کو ہم تسلیم نہیں کرتے۔ ہم ایسے کسی بھی منصوبے کے خلاف ہیں اور اس کو ہر فورم پر اٹھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پارٹی کے ہنگامی اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاست کی تقسیم کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ ریاست جموں کشمیر ایک ناقابل تقسیم وحدت ہے۔ اجلاس میں موجود چیف آرگنائزر امجد اشرف، سیکرٹری جنرل واجد ایوب اور دیگر عہدیداروں کا کہنا تھا کہ حکومت کو گلگت بلتستان کو پاکستان کا پانچواں صوبہ بنانے سے گریز کرنا چاہیے ایسے اقدامات سے جہاں پاکستان کی مسئلہ کشمیر پر گرفت کمزور ہو سکتی ہے وہیں اس اہم ترین مسئلہ کے نقصانات بھی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کواٹھانے پڑ سکتے ہیں۔ کشمیری قوم گزشتہ ستر سالوں سے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگا کر پاکستان سے اپنی وابستگی اور محبت کا عملی طورپر مظاہرہ کر رہی ہے اور اپنے سینوں پر سبز ہلالی پرچم باندھ کر بھارتی افواج کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہے جبکہ اپنی آزادی کی تحریک میں لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں اس کے باوجود پاکستان کی طرف سے گلگت بلتستان کو صوبہ بنایا جانا کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی ہو گی۔
تازہ ترین