وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا مذہب اور ایمان سے زیادہ نہیں،توہینِ رسالت پر بات کے لیے جمعے کو مسلم ملکوں کے سفیروں کو بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے میڈیا سے گفتگو کر نے ہوئے مزید کہا کہ مسلم ممالک کے سفراء کو بلانے کا مقصد یہ ہے کہ عالمی مؤقف سامنے لایا جاسکے، مسلم امہ کا مشترکہ مؤقف آیا تو سروس پرووائیڈر کو بھی پتا چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہمارے مذہب، ہمارے ایمان اور مقدس ترین ہستیوں کی تضحیک کی ناپاک جسارت کچھ عرصے سے کی جارہی ہے، اگر وہ راہِ راست پر نہ آئے تو سخت ترین اقدامات کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اظہار رائے کی آزادی وہاں ختم ہو جاتی ہے، جہاں سے دوسرے کی ناک شروع ہوتی ہے، ہولو کاسٹ پر کوئی شک بھی ظاہر کرے تو مغرب پر قیامت ٹوٹ جاتی ہے۔
چوہدری نثار کا یہ بھی کہنا تھا کہ شرجیل میمن کی گرفتاری پر جو بیان وزیراعلیٰ سندھ نے دیا وہ کوئی ذمے دار فرد دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا، سندھ سمیت کوئی بھی صوبہ کسی کی جاگیر نہیں ہے ۔