راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی نے گوجر خان واقعہ کیخلاف بدھ کے روز ہڑتال کی اور اعلان کیا کہ اگلے دو روز بھی ہڑتال ہی رہے گی ۔ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو 25مارچ کو ہونے والے وکلاء کنونشن میں آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کریں گے۔ اس حوالے بدھ کے روز گوجر خان بار میں کنونشن ہوا جس میں وکلا ءکی ضلعی قیادت نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سب انسکپٹر محمد اسلم کو گوجر خان بدر کرکے وکلا کیخلاف درج کیس فی الفور ختم کیا جائے ورنہ احتجاج جاری رہے گا، اس حوالہ سے رابطہ کرنے پر ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے صدر سجاد اکبر عباسی نے کہا کہ ہم نے گوجر خان واقعہ کے بعد سی پی او راولپنڈی کے کہنے پر اے ایس پی گوجر خان سے ملاقات کر کے اپنے مطالبات پیش کئے تھے تاہم اے ایس پی کا کہنا تھا کہ ہم میرٹ پر کیس کی تفتیش کر رہے ہیں کیس میں نامزد وکلا اپنی ضمانت کروا کر اپنا دفاع کریں تاہم انہوںنے مقدمہ ختم کرنے سے انکار کر دیا تھا لہذا ہم اس معاملے پر اگلے دو روز بھی ہڑتال کریں گے اور ہفتہ کو ضلع کچہری راولپنڈی میں وکلا کا کنونشن ہوگا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔