کراچی (نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) سندھ والی بال ایسوسی ایشن نے صوبے میں اچھے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کے حصول اور بہتر نتائج کے لئے صوبے میں نئے کھلاڑیوں کو گروم کرنے کا فیصلہ کیا جس کے لئےچھ فٹ سے زائد طویل قد کھلاڑیوں کو تلاش کیا جائے گا، سندھ والی بال ایسوسی ایشن کے صدر شاہ نعیم ظفر نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن نے سندھ بھر میں والی بال کی ترقی اور فروغ کے لئے جامع پروگرام کو حتمی شکل دی ہے جس کے تحت جس کے پہلے مر حلے میں چیف منسٹر کپ کا انعقاد کیا جائے گا، میئر کپ بھی کرایا جائے گا،کے پی ٹی کپ، ایچ بی ایل کپ کی بھی کوشش جاری ہے، اندورن سندھ تر بیتی کیمپ لگایا جائے گا،جونیئر کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے لئے انڈر17اور20 کیمپ لگایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ چھ فٹ کے طویل القامت کھلاڑیوں کی مدد سے سندھ نے ماضی میں اچھے نتائج حاصل کئے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ والی بال ایسوسی ایشن نے فیڈریشن سے قومی مینز والی بال چیمپئن شپ کی میزبانی کے لئے خواہش کا اظہار کیا ہے، جبکہ ایسوسی ایشن نے کراچی اور دیگر شہروں میں اسکولز اور جونیئر ایونٹس بھی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔