اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جن جن صوبوں نے عوام کی خدمت میں کوتاہی کی ہے وہاں وزیراعظم نواز شریف عوامی خدمت کا ایجنڈا لیکر جارہے ہیں اور آئندہ بھی جاتے رہیں گے، نواز شریف پورے ملک کے وزیراعظم ہیں،ان کے دوروں اور عوامی خدمت کے منصوبوں کے اعلان پر کسی کو سیاست کرنے یا تنقید کا حق نہیں ہے،وزیراعظم صوبوں کے نامکمل منصوبے اپنی نگرانی میں پورے کرائینگے،دورہ سندھ پر سیاسی بیان بازی کی ضرورت نہیں ‘مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہمیشہ عوامی خدمت اور ملکی استحکام کیلئے کوشاں رہی ہے، عوام اب اس لیڈر اور جماعت کو منتخب کرینگے جو اپنے دور میں عوام کو ڈیلور کر چکے ہوں،تعلیمی اداروں میں بنیادی ڈھانچہ ہونے کی وجہ سے سکیورٹی سے متعلق حادثات کم ہوئے ہیں ‘وفاقی دارالحکومت کے 422سکولوں کیلئے معیار تعلیم ‘ڈسپلن ‘اساتذہ کی کارکردگی ‘نتائج کی مانیٹرنگ سمیت ہر پہلو کی مانیٹرنگ اور عملدرآمد کیلئے ایک جامع کتابچہ تیار کیا گیا ہے۔وہ منگل کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں نیشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے ) اور یونیسف کے تعاون سے تعلیمی اداروں کی حفاظت کیلئے تیار کیے گئے پاکستان اسکول سیفٹی فریم ورک پر عمل درآمد کیلئے منعقدہ مشاورتی کانفرنس سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کر رہی تھیں۔این ڈی ایم اے کے چیئرمین میجر جنرل اصغر نواز ‘ پنجاب کے وزیر صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ میر اعجاز احمد اجلانہ ‘یونیسف کی کنٹری ہیڈ انجیلا سمیت چاروں صوبوں، گلگت بلتستان ‘آزاد کشمیر کے محکمہ تعلیم اور صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ شعبہ کے حکام ‘پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے نمائندوں کی بڑی تعداد مشاورتی کانفرنس میں موجود تھی۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ آج دنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستان ترقی کر رہا ہے ‘گذشتہ ساڑھے تین سال میں تعلیمی‘صحت ‘ماحولیات ‘معاشی سمیت ہر شعبے میں پاکستان کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پرائم منسٹر ایجوکیشن ریفارمز کے تحت اسلام آباد کے 422 سکولوں کی سکیورٹی میں بہتری لائی جا رہی ہے‘ہر سکول کے اندر سکول مینیجمنٹ کمیٹی کا قیام عمل میں لانے کے لئے اقدامات ‘‘سکولوں کی سکیورٹی کیلئے متعلقہ شعبوں کے افسران کو مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح حکومت پنجاب بھی تعلیم کے شعبہ میں بہت کام کر رہی ہے ‘55ہزار سکولوں میں اصلاحات متعارف کرائی گئی ہے ‘سکولوں میں گذشتہ ساڑھے تین سال میں انرولمنٹ میں بھی کافی حد تک اضافہ ہوا ہے ‘ پنجاب کے سکولوں میں آئی ٹی کے نظام کو بہتر بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت ‘تعلیم اور دیگر شعبوں میں وفاقی حکومت نے جو اصلاحات لائی ہیں باقی صوبوں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار رہا ہے‘دہشتگردی کے باوجود پاکستانی قوم ہمیشہ پر عزم رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے‘میڈیا کے کردار کے باعث ہم نے اہم شعبوں میں کامیابیاں حاصل کیں۔