• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھوٹکی، بجلی چوروں اورنادہندگان کےخلاف گرینڈ آپریشن، 250 کنڈے ہٹادیئے گئے

گھوٹکی+ہالا +کھپرو(نامہ نگاران ) گھوٹکی میں  بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کے دوران 250؍کنڈے ہٹا دیئے گئے جبکہ ہالا،کھپرو،ہنگورجہ ،ڈگری اور کوٹری  میں طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہو گئی،تفصیلات کے مطابق گھوٹکی ۔چیف انجینئر اصغر علی بھٹی ، ایس ای واپڈا سرکل سکھر ریجن خادم حسین لاڑا نے ایکسیئن ڈویژن گھوٹکی میر احمد شیخ ، ایس ڈی او معراج شیخ اور ٹاسک فورس کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں ماتھیلو روڈ ، گھوٹا مارکیٹ ، محلہ انورآباد ، میرانی محلہ ، بھٹہ محلہ ، ڈھونگ محلہ اسٹیشن روڈ اور دیگر علاقوں میں بجلی چوروں اور بقایاجات کی وصولی کے لیے آپریشن کیا جس میں 250 غیر قانونی کنڈا سسٹم کاٹ کر تار ضبط کرلی جبکہ بقایاجات کی مد میں ایک روز میں 20 لاکھ روپے کی وصولی بھی کی گئی۔ اس موقع پر ایس ای واپڈا سرکل سکھر ریجن خادم حسین لاڑا نے صحافیوں کو بتایا کہ  سکھر سرکل ریجن میں بجلی چوروں اور ناہندگان کے خلاف آپریشن کیا جارہا ہے اس سلسلے میں آج گھوٹکی میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئی ہیں سیکڑوں کی تعداد میں غیرقانونی کنڈا کنیکشن ختم کئے گئے ہیں جبکہ 10افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔جنہیں بلوں کی ادائیگی کے بعد رہا کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیپکو کی جانب سے 300 روپے ماہانہ اقساط پر نئے میٹر لگائے جارہے ہیں عوام کو چاہیے کہ وہ میڑ لگائیں اور بجلی چوری میں ملوث افراد کی نشاندہی کریں۔ ہالا ۔ ضلع مٹیاری میں بجلی کا بحران سنگین ہوگیا شہر ودیہات میں لوڈشیڈنگ کے شیڈول پر عمل نہیں کیا جارہا جس کے باعث  12سے17گھنٹے بجلی بند رہنے لگی جس پر سماجی وشہری تنظیمیں سراپا احتجاج ہیں۔ موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ نویں اور دسویں جماعتوں کے سالانہ امتحانات  میں طلباء وطالبات کو شدید مشکلات کا سامناہے۔ ہالا، مٹیاری، نیو سعیدآباد،ہالااولڈ،خیبر،اڈیرو لعٰل سمیت ضلع بھر میں درجہ حرارت 43سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا سخت گرمی  کے ساتھ بجلی کی طویل بندش سے ضعیف العمر اور بیماروں کے ساتھ تعلیمی اداروں میں جاری سالانہ امتحانات میں شریک طلباء وطالبات اور اساتذہ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ سرکاری ونجی ادارے بھی بری طرح متاثر ہونے لگے۔ سخت گرمی کے ساتھ دن رات بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا ہے۔ بجلی کی غیر اعلانیہ طویل بندش کے بارے میں حیسکو اہلکاروں کے مطابق اضافی لوڈ شیڈنگ لائن لاسسز کم کرنے کیلئے بجلی تقسیم کرنے کے ادارے حیدرآباد کی جانب سے کی جارہی ہے۔ سماجی اورشہریوں تنظیموں نے وفاقی حکومت  اور حیسکو انتظامیہ کے خلاف نعروں کے ساتھ احتجاج کرتے ہوئے لوڈ شیڈنگ کم کرنے کا مطالبہ کیاہے۔کھپرو ۔اور گردونواح  میں بجلی کی  لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ کے باعث شہریوں کا جینا دوبھر ہو گیا ہے ۔ حیسکو کی جانب سے کھپرو ڈویژن  میں 8 سے 12 گھنٹےکی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔جس کی وجہ سے شہریوں کا دن کا سکون اور رات کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں ۔دن میں مکھیوں اور رات کو مچھروں نے تنگ کیا ہوا ہے ۔ بجلی کے صارفین نے واپڈا کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کھپرو میں اوور ریڈنگ کا سلسلہ فوری بند کیا جائے  اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کی جائے ۔ہنگورجہ۔ کے غریب آباد محلے میں بجلی کا ٹرانسفارمر جل گیا جس کی وجہ سے محلے کو 48 گھنٹے سے  بجلی کی بند ہے جس سے شدید گرمی میں علاقے کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔اس سلسلے میں محلے کے رہائشیوں امیر احمد شیخ ،بخش علی شیخ  اور دیگر نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرانسفار مر تبدیل کیا جائے ۔ڈگری ۔ میں بجلی کی اعلانیہ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ طول پکڑگیا ۔روزانہ 8سے16گھنٹے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیذنگ معمول بن گئی۔ شہر میں پانی کی شدید قلت ہوگئی۔ اسپتالوں میں مریض پریشان ہیں اور میرپورخاص بورڈ کے تحت ہونے والے نویں کلاس کے امتحانات دینے والے طلبہ کو شدید گرمی میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔کوٹری۔ سکندر آباد کالونی، اسدآباد کالونی ، لیبر کالونی سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی بندش کےخلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کرتے ہوئے انتطامیہ کےخلاف سخت نعرے بازی کی اس موقع پرمظاہرین نے الزام عائد کیا کہ واپڈا کے باعث بجلی کا بحران پیدا ہوگیا ہے جس کے باعث شہری اذیت ناک زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کی جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ بڑھا دیاجائےگا۔
تازہ ترین