کراچی (جنگ نیوز) بلوچستان فٹ بال کپ کا فائنل میچ اتوار کو پنجگور اورچمن کے درمیان ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں ہوگا۔ سنسنی خیز مقابلہ اتوار کو پاکستان کے پہلے نجی اسپورٹس چینل ”جیوسوپر“ سے دوپہر 2 بجے براہ راست نشر ہوگا۔ اس سے قبل ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں کوئٹہ سٹی اور چمن کی ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا۔ دونوں ٹیمیں جیت کے لئے انتہائی پرجوش دکھائی دے رہی تھیں۔ تماشائیوں کی بڑی تعداد اپنی پسندیدہ ٹیموں کی حوصلہ افزائی کے لئے اسٹیڈیم میں موجود تھی۔ پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی، کھیل کے آخری لمحات میں چمن کے کپتان حیات اللہ نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرا رہی۔ اس طرح چمن کی ٹیم سیمی فائنل میں 1-0سے کامیابی کے بعد لگاتار دوسری بار اس ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے کااعزاز حاصل کرے گی۔ پہلے سیمی فائنل کے مہمانِ خصوصی پی پی ایل کے ڈی ایم ڈی معین رضا خان نے کھیل کے اختتام پر چمن کے کپتان حیات اللہ کومیچ کے بہترین کھلاڑی کا انعام دیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں ڈی ایف اے کوئٹہ کی ٹیم کو پنجگور نے 2-1 سے شکست دی۔ پنچگور کی ٹیم نے ڈویژنل اور فائنل راؤنڈ کے مقابلوں میں کھیل میں جس مہارت کا مظاہرہ کیا تھا اس کی ایک جھلک سیمی فائنل میں بھی دکھائی دی ۔