کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان چیف کوچ ، منیجر اور سابق چیف سلیکٹر اصلاح الدین نے کہا ہے کہ عالمی اور ایشیائی حکام سے تعلقات کو بہتر بنانے اور عالمی مقابلوں کی بحالی کے لئے پی ایچ ایف کو سابق معروف قومی کھلاڑیوں پر مشتمل تھنک ٹینک بنانا ہوگا۔ ملک میں اس وقت کئی ایسے کھلاڑی جن کو دنیا بھر میں ہاکی کے حکام عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، انہوں نے ماضی میں ایف آئی ایچ اور ایشین فیڈریشن میں مختلف کمیٹیوں میں بھی ذمے داری نبھائی ہے۔سمیع اللہ، حسن سردار، منظور جونیئر، منظور الحسن، قاسم ضیا، اختر رسول، ایاز محمود ، سلیم شیروانی جیسے پلیئرز کی ملک کے لئے خدمات ہیں جس سے پی ایچ ایف کو فائدہ اٹھانا چاہئے۔نامور کھلاڑیون کے تھنک ٹینک سے نہ صرف انٹر نیشنل ہاکی مقابلوں کو واپس لانے میں مدد ملے گی بلکہ وہ ان بڑی فیڈریشنوں میں عہدے بھی حاصل کر سکتے ہیں۔