لاہور ( آن لائن ) لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بنچ کے جسٹس فرخ عرفان نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے حکم کو معطل کردیا اور پی ٹی آئی کے کرنل ( ر ) سلطان اعوان کو پی پی 23 چکوال سے بلے کے نشان پر ضمنی انتخاب لڑنے کی اجازت دیدی۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے کی بنا پر بلے کے نشان پر آئندہ انتخابات لڑنے سے روک رکھا تھا۔دریں اثنا پاکستان پیپلز پارٹی نے تلہ گنگ کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کی حمائت ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فیصلہ عمران خان کی جانب سے پارٹی قیادت پر حملوں کے بعد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی آب زم زم میں نہایا ہوا نہیں، الزام تراشی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پیپلز پارٹی کسی کو اپنے قائدین پر کیچڑ اُچھالنے کی اجازت نہیں دے گی۔ ہمارے امیدوار اپنے کاغذات واپس لے چکے ہیں۔ لہٰذا پیپلز پارٹی الیکشن کا مکمل بائیکاٹ کرے گی۔ قبل ازیں ضلع چکوال کے پارٹی عہدیداروں نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی پی 23 تلہ گنگ میں پی ٹی آئی کے امیدوار کی حمائت نہیں کریں گے اور عمران خان کے نازیبا جملوں کو اب پی ٹی آئی کے امیدوار کو بھگتنا پڑے گا۔ ہماری شرافت کو کمزوری نہ سمجھا جائے پی ٹی آئی کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔