• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوہستان ویڈیو اسکینڈل،ہلاک شدہ 2لڑکیوں کی شناختی تفصیلات نادرا سےطلب

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سپریم کورٹ نے کوہستان ویڈیو اسکینڈل کیس میں چیئرمین نادرا سے مبینہ طورپرہلاک کی گئی لڑکیوں سرن جان بی بی اوربازغہ جان بی بی کی بارے میں مکمل تفصیلات طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 20اپریل تک ملتوی کردی ہے۔ جمعرات کوجسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تودرخواست گزارکے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ کمیشن کے آگے پیش کی جانے والی لڑکیاں ا صلی نہیں تھیں،عدالت چاہے تو ان کوطلب کرکے ان کے بائیو ڈیٹا کی تصدیق کروا لے۔لڑکیوں کے والدین کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ تین رکنی کمیشن کی رپورٹ کے بعدمعاملہ کلیئرہوچکاہے ، تاہم جسٹس اعجاز افضل خان نے کہاکہ عدالت کمیشن کی رپورٹ سے مطمئن نہیں،شکوک و شبہات موجود ہیں،اگر لڑکیوں کازندہ ہونا ثابت ہو جائے تو معاملہ ختم ہو جائے گا،لڑکیوں کو عدالت میں طلب کئے بغیر کوئی راستہ نظر نہیں آتا،مگر عدالت میں لڑکیوں کی شناخت کون کرے گا۔لڑکیوں کے والدین کے وکیل نے کہاکہ قبائلی رسومات کے مطابق لڑکیوں کو عدالت میں پیش نہیں کیا جاتا۔جسٹس اعجاز افضل خان نے کہاکہ لڑکیوں کوعدالت میں پیش کرنے میں کیاامر مانع ہے ،یہ دوجانوں کا معاملہ ہے۔وکیل نے کہاکہ لڑکیوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جا سکتا ہے۔ جسٹس اعجاز افضل خان نے کہا کہ ڈی این اے ٹیسٹ اتنا آسان نہیں۔ جسٹس مقبول باقر نے کہاکہ لڑکیوں نے ناد را کارڈ حاصل کرنے کے لئے درخواست دی تھی تو ان کا بائیو میٹرک ٹیسٹ کرانے سے کیوں گریز کیاجا رہاہے۔
تازہ ترین