ٹھٹھہ (نامہ نگار) ضلع ٹھٹھہ میں چھٹی قومی مردم شماری اور خانہ شماری کا آغاز رواں سال مارچ میں ہوگا جس کیلیے ضلع ٹھٹھہ کو 912 بلاک میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرII کیپٹن بلال شاہد راؤ نے خانہ شماری و مردم شماری کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم، صحت، ریونیو، ٹی ایم ایز، لوکل گورنمنٹ، پاپولیشن ویلفیئر سمیت تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس قومی مہم کیلئے تمام سرکاری ملازمین کی فہرستیں 25 جنوری 2016ء تک متعلقہ مختارکار کو جمع کرادیں ۔جو ان ملازمین کی ڈیوٹیاں لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فروری میں ان ملازمین کی ٹریننگ کے بعد مارچ میں مردم شماری اور خانہ شماری کا آغاز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر شمار کنندہ کو 200 سے 300 گھرانوں پر مشتمل بلاک الاٹ کیا جائے گا جو پہلے تین دن خانہ شماری کرے گا۔ اگلے 15 روز مردم شماری ہوگی جس میں افراد خانہ کے نام، تعلیم، ذریعہ روزگار اور دیگر کوائف درج کیے جائیں گے جبکہ 19ویں اور آخری روز شمار کنندگان اپنے علاقوں میں خانہ بدوشوں، بے گھر افراد کا اندراج کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کیلئے ضلع ٹھٹھہ میں چاروں تحصیلوں کو سینسز ڈسٹرکٹس بنایا گیا ہے جس کے تحت تحصیل ٹھٹھہ کا سینسز ڈسٹرکٹ کوڈ 377، میرپور ساکرو کا 378، کیٹی بندر 379 جبکہ تحصیل گھوڑاباری کو 380 کا کوڈ الاٹ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز متعلقہ تحصیلوں میں مردم شماری کے انچارج ہوں گے۔ اس سے قبل اسسٹنٹ سینسز کمشنر مردم شماری کمال اکبر نے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی۔