گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ) ڈپٹی کمشنر محمد عامر جان ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد عامر جان نے میلہ بیساکھی کے موقع پربھارتی سکھ یاتریوں کی گردوارہ روہڑی صاحب ایمن آبا د آمد کے موقع پر سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کو فول پروف یقینی بنانے کے سلسلہ میں بلائے گئے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ گوردوارہ کے اطراف 15 سے 20 جدید آئی پی کیمرے لگائے جائیں گے اور مانیٹرنگ کیلئےکنڑول روم بھی قائم کیا جائیگا۔ گوردوارہ میں غیر متعلقہ شخص کو داخلے اجازت نہیں ہو گی، تمام افراد کو میٹل ڈیٹیکٹرزسے چیک کرکے و اک تھرو گیٹ سے گزارا اوراطراف میں پولیس کے جوان تعینات کیے جائیں۔ ا رد گرد کڑی نظر رکھنے کیلئے مورچے قائم ، رات کے اوقات میں سرچ لائٹس اور لوڈشیڈنگ کی صورت میں جنریٹرز کا بھی انتظام کیا جائیگا ۔ انہوں نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ایمن آباد کو ہدایت کی کہ سکھ یاتریوں کی آمد کے موقع پر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیے جائیں اور ضروری معلومات پر مشتمل سائن بورڈز بھی راستوں میں آویزاں کیے جائیں اور محکمہ بحالی و مرمت روڈز مہمانوں کی آمد و رفت کے روٹس کی مرمت کرائے۔