• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاناما کا فیصلہ خلاف آیا تو عوام تسلیم نہیں کرینگے، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد ( آن لائن ) پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اگر پانامہ کیس کا فیصلہ ہمارے خلاف آیا تو عوام اسے تسلیم نہیں کریں گے ۔ جنوبی پنجاب میں کوئی نوگوایریا نہیں ہے اور تمام مدارس کی بھرپور نگرانی کی جا رہی ہے۔ پنجاب سے پی پی کا جنازہ نکل چکا ہے جبکہ پی ٹی آئی کو منفی سیاست نے بہت پیچھے دھکیل دیا ہے۔ ایک انٹرویو انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ( ن ) کو سپریم کورٹ پر مکمل اعتماد ہے اور پاناما کیس کی سماعت کرنے والے بنچ کے تمام ججز صاحبان قابل ایماندار اور باصلاحیات ہیں وہ جو بھی فیصلہ کریں مسلم لیگ ( ن ) اور وزیر اعظم نواز شریف اسے تسلیم کریں گے تاہم ایک سیاسی کارکن کی حیثیت سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اگر پاناما کیس کا فیصلہ میاں نواز شریف کیخلاف آیا تو عوام کی اکثریت اسے تسلیم نہیں کریگی۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کو 2018 کے انتخابات میں اپنی انتخابی مہم چلانا مشکل ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں کوئی نوگوایریا نہیں ہے ہمارے مخالفین اور بعض این جی اوز پوائنٹ اسکورنگ کیلئے منفی پراپیگنڈہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب کے تمام مدارس کا ڈیٹا جمع کیا گیا ہے اور ہم وثوق سے یہ بات کہہ سکتے ہیں کہ پنجاب کے کسی بھی مدرسے میں دہشت گردی کی تربیت فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے انتخابات میں مسلم لیگ (ن ) کیلئے میدان صاف ہے تاہم ملک کی مذہبی جماعتوں کے ساتھ اتحاد ہو گا انہوں نے کہا کہ میاں برادران کے مابین کوئی اختلاف رائے نہیں ہے ۔ میاں برادران کی وجہ سے مسلم لیگ متحد ہے۔
تازہ ترین