سابق صدرپرویز مشرف نے کل بھوشن کی سزائے موت کے فیصلے سے متعلق کہا ہے کہ کل بھوشن کا پاکستانی قانون کے مطابق فیلڈ کورٹ مارشل ہوا ہے۔
سابق صدرنے بھارتی صحافی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قانون کے مطابق جاسوس کا فیلڈ کورٹ مارشل ہی ہوا کرتا ہے۔
پرویز مشرف نے کہا کہ کلبھوشن پاکستانی سرزمین پر پکڑا گیا، ہم پاکستانی قانون کے مطابق سزا دے سکتےہیں،بھارتی جیلوں میں جاسوسی کے الزام میں متعدد پاکستانی ٹرائل کے بغیر قید ہیں۔
علاوہ ازیں شاہی باغ پشاور میں آل پاکستان مسلم لیگ کے ورکرز کنونشن سے ویڈیولنک کے ذریعےخطاب میں آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر پرویز مشرف نے کہا کہ ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں کی جگہ لینے کے لیے چھوٹی سیاسی جماعتوں کو اکٹھا ہونا ہوگا، بہت جلد وطن واپس آنے کا بھی اعلان کیا۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں عوام کی خوشحالی کے لیے بہت کچھ کیا،ملک میں پاناما لیکس کے علاوہ کچھ نہیں ہو رہا، سپریم کورٹ جلد پانامہ کیس کا فیصلہ دے تاکہ نظام چلے۔
ان کا کہنا تھاکہ امید ہے کہ پاناما کیس کا تاریخی فیصلہ جلد سامنے آئے گا، جس سے پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا، سندھ کے لیٹرے واپس آرہے ہیں، جبکہ اندر کے لیٹرے انہیں خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔
پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ لاہور میں 23سیاسی جماعتوں کا الائنس بن رہا ہے، وہ بہت جلد ملک واپس آکر اس اتحاد کو مضبوط کریں گے۔