ہنگو (نمائندہ جنگ)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا امیر حید ر ہوتی نے کہا ہے موجودہ صوبائی حکومت نے پختونوں کے حقوق پر ڈاکے ڈالے ہیں ۔وزیر اعلیٰ پرویز خٹک صوبے کی ترقی سے بالاتر بین الاقوامی سطح پر گدھوں کی تجارت کے معاہدوں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں ۔پختونوں کی سر زمین کو80ارب کا مقرو ض بنادیا گیا ہے۔وہ پیر کے روز ہنگو میں سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک ،سابق سنیٹر عبد الانبی بنگش ،سابق ایم ایم این اے پیر حیدر علی شاہ،شازیہ اورنگزیب،صوبائی نائب صدر سید حسین علی شاہ و دیگر ضلعی صوبائی قائدین بھی موجود تھے۔ حیدر خان ہوتی اور سردار حسین بابک نے کہا کہ اے این پی کے دور اقتدار میں پختونوں کو ایک الگ منفرد تشخص دلایا گیا اور صوبائی خود مختاری کے تحت از خود فیصلے کئے گئے جبکہ گزشتہ 4سال سے خیبر پختونخوا کے فیصلے بنی گالہ سے مسلط کئے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اے این پی کے قائدین اور کارکنوں نے صوبے میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے قربانیاں دیں جبکہ سیاسی شعور سے عاری موجودہ صوبائی حکومت نے صرف پختونوں کا استحصال کر کے شاہ خرچیوں کے مزے لوٹ کر صوبے کو سالہا سال پیچھے د ھکیل دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر عوام کے کندھوں کو اقتدار کی سیڑھی بنانے والے اسلامی ٹھیکدار صرف اسلام آباد کے خواب دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2013میں اے این پی دہشت گردی کے خلاف کمر بستہ ہو کر لاشیں اٹھا رہی تھی جبکہ سیاسی حریف سیاسی دکان چمکا کر اقتدار کی ہوس میں مصروف تھے۔