لندن (مرتضیٰ علی شاہ) ایم کیو ایم لندن کے قائد الطاف حسین نے اپنے سابق ساتھی سرفراز مرچنٹ کا یہ دعویٰ مسترد کر دیا ہے کہ لندن میں موجود ایم کیو ایم کی قیادت سرفراز مرچنٹ کی کم و بیش 5لاکھ پونڈ کی مقروض ہے، جیو کی جانب سے یہ خبر نشر ہونے کے بعد جس میں سرفراز مرچنٹ نے دھمکی دی تھی کہ اگر ایم کیو ایم لندن کی قیادت نے ان کی رقم واپس نہیں کی تو وہ لندن ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔ایم کیو ایم لندن کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں سرفراز مرچنٹ کے دعوے کو قطعی غلط قرار دیاگیا ہے، لندن سیکریٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں الطاف حسین نے کہا ہے کہ انھوں نے کبھی بھی سرفراز مرچنٹ سے کوئی مالی لین دین نہیں کی لیکن سرفراز مرچنٹ کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم لندن کے قائدنے اس بات سے انکار نہیں کیا کہ میں نے ایم کیو ایم کے ایج ویئر لندن برانچ کے اکائونٹ میں ڈھائی لاکھ پونڈ جمع کرائے تھے انھوں نے کہا کہ الطاف حسین سے میرا سوال یہ ہے کہ وہ یہ بتائیں کہ یہ رقم کس مقصد کیلئے تھی ایم کیوایم نے عطیئے کی دستخط شدہ رسید مجھے جاری کی ہے جو کہ میرے پاس محفوظ ہے، میٹ پولیس کی تفتیش کے دوران یہ ثابت ہوچکاہے کہ ایم کیوایم رجسٹرڈ فلاحی ادارہ نہیں ہے اس لئے وہ عطیات وصول نہیں کرسکتی،اور اگر انھوں نے رقم وصول کی ہے تو یہ فراڈ ہے۔انھوں نے کہا کہ میں یہ ثابت کرنےکیلئے جس کا انکشاف میٹ نے ایم کیوایم کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے کی تفتیش کے دوران کیا تھا کہ ایم کیو ایم لندن نہ تو رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے اورنہ فلاحی میٹ پولیس ،نیشنل ٹیرارزم فنانشیل انوسٹی گیشنز یونٹ،(این ٹی ایف آئی یو) اور نیشنل کرائم ایجنسی میں شکایت درج کرائوں گا ۔انھوں نے کہا کہ الطاف حسین ایم کیو ایم لندن کے قائد ہیں اوروہ اکائونٹ جس میں میں نے رقم جمع کرائی ان کے نام ہے ۔ انھوں نے کہا کہ الطاف حسین نے میری ادا کردہ رقم کی واپسی کے بارے میں جس کے ثبوت میں نے جیو نیوز کو دکھائے تھے ایک لفظ بھی نہیں کہا، انھوں نے کہا کہ میرے پاس ایم کیوایم کے اکائونٹس میں اپنے ذاتی اکائونٹ سے رقم منتقل کرانے کے ثبوت موجود ہیں۔