اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ ق کے سینئرمرکزی رہنما چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عوام اصلی مسلم لیگ میں آ رہے ہیں کیونکہ حکمران بے نقاب ہو چکے ہیں اور وہ عوام کو مزید دھوکا نہیں دے سکتے۔ پرانے مسلم لیگیوں کو چاہئے کہ وہ پارٹی میں فعال کردار ادا کریں اور نئے آنے والوں کو ساتھ لے کر پارٹی کو زیادہ سے زیادہ مضبوط اور متحرک بنائیں۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر ن لیگ چھوڑ کر پاکستان مسلم لیگ میں شامل ہونے والے سرگرم سیاسی کارکنوں کے وفود سے ملاقات کر رہے تھے جنہوں نے لاہور کے حلقہ پی پی 155 کے طلحہ عثمان سدھو اور پی پی 159 کے محمد اکبر میو اور حبیب اللہ شاہین کی قیادت میں ان سے ملاقات کی، اس موقع پر عامر سلطان چیمہ ایم پی اے بھی موجود تھے۔ پرویزالٰہی نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا آنا خوش آئند ہے۔