شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے)ضلع شیخوپورہ میں کروڑوں روپے کی خطیر رقم سے تین سال قبل بننے والے ریلوے پھاٹک ناکارہ ہوگئے ہیں اس بارے میں محکمہ سول ڈیفنس کے حکام نے سروے رپورٹ تیار کرکے ضلع انتظامیہ کو بھیج دی ہے باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ لاہور سیکشن پر خان پور کے قریب ان مینڈ ریلوے پھاٹک پر ہونیوالے سانحہ میں 13 طالبات کی ہلاکت کے بعد ضلع انتظامیہ نے پاکستان ریلویز کی طرف سے تحفظات کے اظہار کے باوجود 54 ان مینڈ ریلو ے پھاٹکوں پر کروڑوں روپے ضلع حکومت کے فنڈز سے خرچ کرکے آہنی پھاٹک لگوا دئیے تھے۔ جن پر ڈیوٹی پر لگائے جانیوالے رضا کاروں کی تنخواہوں کی خاطر محکمہ داخلہ پنجاب کروڑوں روپے بھی ادا کرچکا ہے مگر اب محکمہ شہری دفاع نے رپورٹ کی ہے کہ یہ پھاٹک ناکارہ ہوگئے ہیں اور ٹرین آنے پر انہیں بند کرنا ناممکن ہے جس کے باعث کسی وقت بھی کوئی سانحہ رونما ہوسکتا ہے ۔