ہنگو(صباح نیوز)ہنگو مین بازار میں دن دیہاڑے موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے امن کمیٹی کے رہنماء ظہیر حسین شدید زخمی ہوگیا، محافظ کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور زخمی ہو کر گرفتار کرلیا گیا، جبکہ دوسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا،اچانک فائرنگ سے مین بازار میں بھگدڑ مچ گئی،کاروباری مراکز سمیت کوہاٹ ہنگو جی ٹی روڈ بھی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا۔شیعہ سنی مشران اور علماء کرام نے باہمی ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ ہنگوکے پر امن حالات خراب کرنے کی ناکام سازش ہے،عوام پر امن رہے ۔تفصیلات کے مطابق ہنگو پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جمعہ کے روز امن اورمصالحتی کمیٹی ہنگو کے رکن ظہیر حسین جو کہ اپنی گاڑی میں مین بازار سے گزر رہے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار مسلح حملہ افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس سے ظہیر حسین شدید زخمی ہوگئے جس کے بعد انہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہنگو منتقل کر کے بعد ازاں مزید علاج معالجہ کے لئے پشاور ریفر کر دیا گیا۔جبکہ ظہیر حسین کے پرائیویٹ باڈی گارڈکی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور جس کا نام رفیع اللہ بتایا گیا ہے زخمی ہو گیا۔