کراچی (محمد ناصر) پاکستان کا نمبر ون چینل ”جیو کہانی“ جسے ڈراموں کے اعتبار سے سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے اب اپنے ناظرین کیلئے منفرد اور مزید خوبصورت انداز سے سامنے آرہا ہے۔ 17اپریل سے عوام اپنے من پسند چینل پر 4نئے ، دلکش اور دِل چھولینے والی کہانیوں سے سجی سیریلز ملاحظہ کریں گے۔ ”ناگن“، ”ادھوری ماں“،” ستم “ اور ”چارگرہ “یہ چاروں ڈرامے ایک سے بڑھ کر ایک ہیں ۔ توقع کی جارہی ہے کہ اِن ڈراموں کی کہانیاں آج کل کے ڈراموں میں پائی جانے والی یکسانیت کو توڑدیں گی۔ ہر ڈرامہ سبق آموز اور انتہائی عمدگی سے عکس بند کیا گیا ہے۔ ڈرامہ سیریل ”ناگن“ پاکستانی معاشرے میں ایک نیا موضوع ہے ، ہمارے معاشرے میں ابھی تک ایسی کسی کہانی کے وجود پر لوگ یقین نہیں رکھتے تاہم حقیقت سے دور ہونے کے باوجود ایسی کہانیاں اور ڈرامے بہت شوق سے دیکھنے کا ذوق رکھتے ہیں۔پاکستان کے ٹیلی ویژن میڈیا پر اس موضوع کو پہلی بار نشر کیا جارہا ہے۔ یہ ڈرامہ افتخار عفی کی تحریر ہے اور اس کے ہدایتکار شاہ بلال ہیں۔ ڈرامے کی کاسٹ میںمعروف اداکارہ ریشم، جاناںملک، صائمہ سلیم، راحیلہ آغا، شین جاوید، عمران احمد ، ضیاخان، حریب فاروق، ارسلان مغل، ارسلان ادریس، وجیہہ درانی، مائرہ بنگش، عائشہ جاوید، زیب چوہدری، رشید علی، ہما علی، راجا فیروز، جاوید ہاشمی، فانی جان، تنویر ملک، احسن مراد، شاہد حسین، فیض چوہان اور شاہان علی شامل ہیں۔ ”ناگن “ پیر تا جمعرات شب8 بجے نشر کیا جائے گا اور یہ پیشکش بابر جاوید کی ہے۔ دوسرا سیریل ”ادھوری ماں“ نام سے ہی اپنی کہانی بیان کررہا ہے۔ یہ رئیس خاندان کیلئے ایک وارث پیدا کرنے کی اسٹوری ہے جس میں کئی پیچیدہ موڑبھی نظر آئیں گے۔ ناظرین اس سیریل میں ایک ماں کو اپنا ہی بچہ بہت طاقتور خاندان سے حاصل کرنے کیلئے بھر پور جنگ لڑتا دیکھیں گے۔” ادھوری ماں“ پیر تا جمعرات رات 9 بجے دکھایا جائے گا۔ تیسراڈرامہ ”ستم “ کے نام سے نشر ہوگا جس میں ایک سبق آموز کہانی پوشیدہ ہے۔ اس ڈرامے میں ایک مظلوم کی دُکھ بھری داستان بہت منفرد انداز میں نشر ہوگی اس کی کاسٹ میںروبینہ اشرف، فواد جلال، ہمایوں اشرف اور دیگر ہیں، ڈرامہ ہر شام 7 بجے دکھایا جائے گا۔ ”چارہ گر “ کی کہانی بھی ایک ایسے گھر کی ہے جس میں رہنے والی خواتین ناصرف گھریلو بلکہ معاشی مشکلات اور حالات کے چیلنج کا مقابلہ کریں گی۔کاسٹ میں عائشہ خان، احسن خان ، جاوید شیخ اور دیگر اہم کردار بھی ہیں۔ یہ سیریل ہر شب 10 بجے نشر ہوگا۔ ”جیو نیٹ ورک “ کے چینل پر اب پورا ہفتہ لگا تار انٹرٹینمنٹ کی برسات سے ناظرین لطف اندوز ہوتے رہیں گے کیونکہ بہت جلد کچھ نئے سیریلز بھی ”جیوکہانی“ پر تہلکہ مچانے آرہے ہیں جن کی تفصیلات چند روز بعد شائع کی جائیں گی۔