کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان منیجر،چیف سلیکٹر اصلاح الدین نےکہا ہے کہ بھارت کی جانب سےپاکستان کے ساتھ ہاکی مقابلوں میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ افسوس ناک ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن اس حوالے سےبھارتی حکام سے ووٹوک بات کرے اور کسی بھی قسم کا دبائو برداشت نہ کرے، جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلطان جوہر ہاکی ٹور نامنٹ کے حوالے سے بھارت کی دھمکی سے معوب ہونے کے بجائے پاکستان و دیگر ملکون کے ساتھ مل کر لابنگ کرنا ہوگی، انہوں نے کہا چیمپئینز ٹرافی میںبھارت نے اپنی سرزمین پر پاکستان کے کھلاڑیوں کے جیت کے جشن پر اعتراض اپنی ناکامی پر عوامی رد عمل کا رخ موڑنے کے لئے کیا، پاکستان شہناز شیخ کی کوچنگ میں چیمپئنز ٹرافی جیت سکتا تھا مگر پاکستان کے دو کھلاڑیوں پر پابندی عائد کرادی گئی، انہوں نے کہا کہ ایف آئی ایچ کے موجودہ بھارتی صدر ڈاکٹر بٹراخود کو ایف آئی ایچ کا صدر ثابت کریں وہ ایف آئی ایچ کو ہائی جیک کر کے بھارتی فیڈریشن بنا چاہتے ہیں،میں خود 17سال ایف آئی ایچ کے ساتھ مختلف عہدوں پر کام کرچکا ہوںمگر ماضی میں کبھی ایسا نہیں ہوا جو بٹرا کے آنے کے بعد ہورہا ہے،پاکستان ہاکی فیڈریشن کو موثر لابی کی ضرورت ہے۔