صوابی (نمائندہ جنگ ) ضلع کونسل صوابی نے ایک قرار داد کے ذریعے عبدالولی خان یونیورسٹی مر دان میں رونما ہونے والے واقعہ کی شدید مذمت کر تے ہوئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ میں ملوث عناصرکو فی الفور گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لاکر قرار واقعی سزا دی جائے۔کونسل کا اجلاس قائم مقام کنوینئر حیات اللہ خمینی کی صدارت میں ہوا جس میں یونیورسٹی کے واقعہ میں قتل ہونے والے طالب علم مشال خان کے ایصال ثواب کے لئے اجتماعی فاتحہ خوانی کی گئی۔ بعد ازاں ایجنڈے کے مطابق ڈی پی او صوابی محمد صہیب اشرف نے ضلعی پولیس کی کارکر دگی رپورٹ پیش کر تے ہوئے نئے ایکٹ میں ڈسٹرکٹ ناظم ،ڈسٹرکٹ کونسل ناظم ضلعی پبلک سیفٹی کمیشن کو حاصل کر دہ اختیارات ،فرائض منصبی اور ذمہ داریوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے ستمبر 2016سے لیکر 2017مارچ تک دوران 6ماہ میں پولیس کی جرائم پیشہ افرادکے خلاف کارروائی اور ضلع میں امن و امان کے لئے کارکردگی پیش کی ۔ضلع کونسل کے ممبران نے پولیس کارکردگی کو قابل تحسین قرار دیا اور پولیس کے ساتھ امن و امان کے قیام اور بحالی میں تعاون کا یقین دلایا۔