کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے اپنے تربیتی دورہ آسٹریلیا کا آغاز کامیابی کے ساتھ چھکا لگا کرکیا، قومی کھلاڑیوں نے ہوبارٹمیں کھیلے جانے والے پر یکٹس میچ میں آسٹریلوی کلب رینڈوک کو یکطرفہ اسکور کے بعد6-0 سے ہرایا، پورے میچ میں پاکستانی کھلاڑی چھائے رہے اور انہوں نے حریف ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ نوید عالم اور خیراللہ نے دو، دو جبکہ عبداللہ بابر اور غضنفر علی نے ایک، ایک گول کر کے ٹیم کو کامیابی دلائی۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کامران اشرف نے کہا ہے کہ ٹیم نے اچھی پر فار منس دی ہے ، کھلاڑیوں نے ایک دو مواقع ضائع کئے جس سے ہماری جیت کے مارجن میں مزید اضافہ ہوسکتا تھا، انہوں نے کہا مجموعی طور پر یہ بات خوش آئند ہے کھلاڑیوں نے اپنے بڑے میچ میں بڑے مارجن سے فتح حاصل کی، انہوں نے کہا کہ تر بیتی دورہ سے کھلاڑیوں کو سیکھنے کا موقع ملے گا، امید ہے آسٹریلین ہاکی لیگ کے میچوں میں کھلاڑی بہتر فارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔