اسلام آباد (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب راولپنڈی) نے بگ بورڈ ایڈوائزری سروس پرائیویٹ لمیٹڈ کے مفرورچیف ایگزیکٹو عباس حیدر نقوی کو کراچی سے گرفتار کرلیا۔ ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے بڑے پیمانے پر عوام کو دھوکہ دہی کے ذریعے بدعنوانی اور اعتماد کو ٹھیس پہنچانے جیسے جرائم کا ارتکاب کیا۔ ملزم کی کمپنی نے گلگت بلتستان کے مختلف قصبوں میں اپنے برانچ دفاتر کھول کر لوگوں سے بھاری رقوم ہتھیائی ہیں۔ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ کمپنی کے ڈائریکٹرز نے عام عوام سے دھوکہ دہی کے ذریعے بڑی رقوم جمع کیں، ملزمان نے لوگوں کو سالانہ سرمایہ کاری پر18 سے 36 فیصد جبکہ پانچ سالہ سرمایہ کاری پر 100 سے 150 فیصد منافع کا جھانسہ دے کر رقوم جمع کیں اور بعد ازاں ڈیفالٹ ظاہر کر کے بڑے پیمانے پر لوگوں کو نقصان پہنچایا۔ تحقیقات کے دوران نیب کو ملزمان کے خلاف 18 کروڑ 43 لاکھ روپے سے زائد واجبات سے متعلق 1019 شکایات موصول ہوئیں۔ اس دوران کمپنی کے چار ڈائریکٹرز سید سروش حیدر رضوی، محمد عارف خان، محمد صادق خان اور احمد رحمان کو کراچی سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم عباس حیدر نقوی کو نیب سب آفس راولپنڈی منتقل کرنے کے سلسلے میں ریمانڈ حاصل کرنے کے لئے احستاب کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔