سرگودھا(نامہ نگار) حکومت پنجاب نے سرگودھا شہر میں پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے آئندہ بجٹ میں نہر لوئر جہلم ‘ مٹھہ لک راجباہ‘ استقلال آباد راجباہ کے گردونواح میں 50 ٹیوب ویل لگا کر پانی کی قلت کا مسئلہ حل کرنے کیلئے اقدامات شروع کردیئے ہیں اور اس سلسلہ میں محکمہ انہار اور بلدیہ سرگودھا نے مشترکہ طور پر ٹیوب ویل لگانے کیلئے تخمینہ لگانا شروع کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 50 ٹیوب ویل نصب کرنے پر ابتدائی طور پر تقریباً 25 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے تاکہ شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے میں مدد مل سکے دوسری طرف بلدیہ سرگودھا نے پینے کے پانی کے نئے پائپ بچھانے کیلئے آئندہ بجٹ میں ایک ارب روپے کے فنڈز مختص کرنے کی تجویز وزارت خزانہ کو ارسال کرنے کیلئے سمری تیار کی ہے زیر زمین بچھائے گئے پینے کے پانی کے پائپ بوسیدہ ہوچکے ہیں اور ان میں گٹروں ملا پانی مکس ہونے سے لوگ ہیپاٹائٹس سمیت مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں ۔